بیجنگ(شِنہوا)چینی مین لینڈ کی ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اگست 2018 میں پانی کی رسد کا منصوبہ باضابطہ طور پر شروع ہونے کے بعد سے اب تک فوجیان صوبے کے ساحلی علاقے سے کِن من تک 4 کروڑ 30 لاکھ ٹن سے زائد پانی فراہم کیا جا چکا ہے۔
ریاستی کونسل کے امور تائیوان دفتر کی ترجمان ژو فینگ لیان نے کہا ہے کہ کِن من کے پانی کی تنصیبات میں پانی کی باقاعدہ فراہمی کا 81.9 فیصد حصہ فوجیان کے ساحلی علاقے سے حاصل ہوتا ہے۔
ژو نے کہا کہ مین لینڈ نے ہمیشہ کِن من کی اقتصادی و سماجی ترقی کی بھرپور حمایت کی ہے اور وہاں کے باشندوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت فوجیان کا ساحلی علاقہ روزانہ اوسطاً 21 ہزار ٹن پانی کِن من کو فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجیان کے ساحلی علاقے اور کِن من کے درمیان بجلی، گیس اور پل کے رابطوں کے لئے ابتدائی تکنیکی تیاریوں کو بھی بڑی حد تک مکمل کرلیا گیا ہے۔
