چین کے انسان بردار خلائی ادارے نے کہا ہے کہ شین ژو-20 کے خلاباز آئندہ چند دنوں میں اپنی تیسری خلائی چہل قدمی انجام دیں گے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ چین کے خلائی سٹیشن پرموجود شین ژو-20 کے خلاباز آئندہ چند دنوں میں اپنی تیسری خلائی چہل قدمی (ای وی ایز) انجام دیں گے۔
26 جون کو اپنی دوسری خلائی چہل قدمی مکمل کرنے کے بعد خلابازوں نے تیان ژو-8 مال بردار خلائی جہاز کو الوداع کہا اور تیان ژو-9 کا استقبال کیا۔ اس دوران انہوں نے متعدد اہم سرگرمیاں انجام دیں جن میں خلائی سٹیشن کے ماحول کی نگرانی، خلائی سٹیشن کے آلات کا معائنہ اور دیکھ بھال اور ساز و سامان کی فہرست سازی شامل ہے۔ اس کےساتھ انہوں نے آئندہ خلائی چہل قدمی کی تیاری بھی مکمل کرلی ہے۔
سی ایم ایس اے نے بتایا کہ خلابازوں نے خلائی حیاتیاتی علوم اور انسانی جسم کی تحقیق، مائیکروگریوٹی بنیادی طبیعیات اور نئی خلائی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تجربات میں مسلسل پیش رفت کی ہے۔
ادارے نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ خلائی سٹیشن مستحکم طور پر کام کر رہا ہے اور تینوں خلا باز مکمل طور پر صحت مند اور آنے والی خلائی چہل قدمی کے لئے تیار ہیں۔
