کوئٹہ: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بلوچستان میں نادرا کے 21نئے رجسٹریشن سنٹرز اور 6موبائل رجسٹریشن وہیکلز کاافتتاح کردیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفرازبگٹی کے ہمراہ بلوچستان میں نادرا کے 21 نئے رجسٹریشن سنٹرز اور6 موبائل رجسٹریشن وہیکلز کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، مشیران،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔اسحاق ڈار نے صوبے میں نادرا کے نئے رجسٹریشن سنٹرز اور ایم آر ویز کی فراہمی پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے وفاقی محکموں کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حکومتی ادارے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں خدمات کی آسان فراہمی کیلئے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کریں تاکہ عوام کودرپیش مشکلات ومسائل میں کمی ہو۔
اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہاکہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کی 21 تحصیلوں میں نئے رجسٹریشن مراکز کے قیام سے عوام کو رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کے حصول میں آسانیاں میسر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے رجسٹریشن مراکز اور موبائل وہیکلز سے عوام خصوصا ضعیف العمر افراد اور خواتین کو گھر کی دہلیز پر رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کا حصول آسان ہوگا۔
