پشاو: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ ہر فرد کے فرائض کی ٹھیک ادائیگی سے مسائل ختم ہو جائینگے، اتفاق واتحاد کے بنیاد پر قومیں آگے بڑھتی ہیں،ملک کو عظیم بنانے کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں یوم آزادی بارے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وجود کا خواب علامہ اقبالؒ نے دیکھا، تکمیل قائد اعظمؒ نے کی۔
انہوں نے کا کہ اس ملک کی خاطر ہمارے آباؤ اجداد نے بہت قربانیاں دی ہیں، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں اتفاق اور اتحاد کے بنیاد پر آگے بڑھتی ہیں، ہم عوام کے ووٹ سے آئے ہیں ہم نے مل کر ملک کی خدمت کرنی ہے اور عوام کا پیسہ عوام پر لگانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کی اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی، نوجوانوں کو پیغام ہے کہ ایمانداری سے کام کریں،ہر بندہ اپنا فرض ادا کرئے تو مسائل ختم ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نوجوانوں سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ملک آگے لے کرانہوں نے ہی چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک عظیم قوم ہیں، ملک کو عظیم بنانے کیلئے ہمیں متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔
