کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلے میں کئی دہائیوں تک پاکستان کی بجلی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت موجود ہے، وسائل اور سہولیات فراہم کی جائیں تو سندھ میں توانائی انقلاب ممکن ہے۔
جاری بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی پالیسیوں نے سندھ کے توانائی شعبے کی ترقی کو متاثر کیا ہے، تھر کے کوئلے میں اتنی صلاحیت ہے کہ یہ آئندہ کئی دہائیوں تک پاکستان کی بجلی کی ضروریات پوری کر سکتا ہے، اگر وسائل اور سہولتیں دی جائیں تو سندھ میں توانائی انقلاب ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سولر انرجی منصوبوں کیلئے 2.5ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے اور تھر کے مستحق رہائشیوں کیلئے 200 یونٹ تک بجلی کے بل صوبائی حکومت ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 6سالوں کے دوران تھر کول منصوبے کے تحت 30ملین ٹن کوئلہ مختلف آزاد پاور پروڈیوسرز کو فراہم کیا گیا، کوئلے سے 31گیگا واٹ بجلی پیدا کی گئی، اس بجلی سے تقریبا 30لاکھ گھروں کو بجلی مہیا ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کاوشوں سے 105کلومیٹر طویل ریلوے لائن تعمیر کی جا رہی ہے، یہ ریلوے لائن تھر کول کو قومی اور عالمی منڈیوں سے جوڑ ے گی۔
