زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں چمڑے کے کارخانے کے کارکن مگر مچھ کی کھال کو رنگائی کے ڈرم میں ڈال رہے ہیں-(شِنہوا)
ہرارے(شِنہوا)زمبابوے میں چمڑے کے شعبے نے چین کی جانب سے 53 افریقی ممالک کے لئے تمام قابل محصول مصنوعات پر صفر ٹیرف اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے افریقی مصنوعات کے لئے چینی منڈی تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔
زمبابوے میں چمڑے کی ویلیو چین کو فروغ دینے والی تنظیم زمبابوے لیدر ڈویلپمنٹ کونسل کے مشیر فنگائی زوینوندی رامبا نے کہا کہ ہم چین کی جانب سے ٹیرف کے خاتمے کو انتہائی مثبت اقدام سمجھتے ہیں جس سے افریقہ اور چین کے درمیان کاروبار کو فروغ ملے گا۔
مشیر نے کہا کہ چینی منڈی کو افریقہ میں تیار کردہ چمڑے کی مصنوعات میں گہری دلچسپی ہے۔
چین نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ ان تمام 53 افریقی ممالک کو صفر ٹیرف کی سہولت دے گا جن کے ساتھ اس کے سفارتی تعلقات قائم ہیں۔
زوینوندی رامبا نے کہا کہ صفر ٹیکس پالیسی سے مکمل فائدہ اٹھانے کے لئے زمبابوے کا چمڑے کا شعبہ، خاص طور پر نایاب چمڑے سے تیار کردہ مصنوعات جیسے کہ بیگز، بیلٹس اور جوتے بنانے والی کمپنیاں اب چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کی خواہاں ہیں تاکہ ایک مضبوط اور مسابقتی چمڑے کی ویلیو چین قائم کی جا سکے اور چینی مارکیٹ سے مزید فائدہ اٹھایا جا سکے۔
زوینوندی رامبا نے کہا کہ جیسے جیسے مقامی کاروبار چینی مارکیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ توقع رکھتے ہیں کہ چین مقامی اداروں کو اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کے لئے ٹیکنالوجی کی منتقلی کرے گا۔
