کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجر ین (آئی او ایم)کے زیر اہتمام واک میں شہری شریک ہیں-(شِنہوا)
جنیوا(شِنہوا)بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین (آئی او ایم) نے کہا ہے کہ 2024 کے اختتام تک دنیا بھر میں اندرونی طور پر بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کی تعداد 8 کروڑ 34 لاکھ کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔
اندرونی نقل مکانی کی نگرانی کرنے والے مرکز کی جانب سے جاری کردہ 2025 کی رپورٹ کے مطابق جاری تنازعات اور تشدد نقل مکانی کے اہم محرکات رہے۔ 2024 کے اختتام تک 7کروڑ 35 لاکھ افراد تنازعات اور تشدد کے باعث بے گھر ہوئے۔ یہ گزشتہ 6سال میں 80 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
سوڈان میں تنازع نے ایک کروڑ 16لاکھ افراد کو بے گھر کیا جس نے اسے عالمی سطح پر سب سے زیادہ اندرونی طور پر بے گھر افراد والا ملک بنا دیا۔ غزہ کی پٹی میں گزشتہ سال کے آخر تک تقریباً تمام آبادی بے گھر ہو چکی تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2024 میں آفات نے 4 کروڑ 58لاکھ افراد کو بے گھر کیا جو گزشتہ دہائی کی سالانہ اوسط کے تقریباً دوگنا ہیں۔ اگرچہ سال کے دوران زیادہ تر لوگ اپنے گھروں کو واپس لوٹنے میں کامیاب رہےلیکن 2024 کے آخر تک تقریباً 98لاکھ افراد آفات کے باعث بے گھر رہے۔
آئی او ایم کی ڈائریکٹر جنرل ایمی پوپ نے کہا کہ یہ اعداد و شمار ایک واضح انتباہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرات مندانہ اور مربوط اقدامات کے بغیر اپنے ہی ممالک کے اندر بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد تیزی سے بڑھتی رہے گی۔
