میونخ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ملاقات کی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں مکالمے اور تعاون کو مضبوط بنانے اور چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی مستحکم ترقی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
وانگ یی، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں، نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین-امریکہ تعلقات کی ترقی کے لئے تزویراتی رہنمائی فراہم کی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دونوں ممالک کو سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانا چاہیے اور 2026 کو ایسا سال بنانا چاہیے جس میں چین اور امریکہ باہمی احترام، پر امن بقائے باہمی اور باہمی فائدہ مند تعاون کی طرف پیشرفت کریں۔
انہوں نے کہا کہ مکالمہ تصادم سے بہتر ہے، تعاون تنازع سے بہتر ہے اور باہمی فائدہ مند نتائج اس سے بہتر ہیں جہاں کسی کی کامیابی دوسرے کی ہار پر منحصر ہو۔
انہوں نے کہا کہ جب تک دونوں ممالک مساوات، احترام اور باہمی فائدے کے اصولوں کو برقرار رکھیں گے تو وہ ایک دوسرے کے خدشات کو دور کرنے کے راستے تلاش کرنے کے قابل ہوں گے اور بہتر طور پر اختلافات کو حل کر سکیں گے۔
انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تعاون کی فہرست کو مسلسل وسعت دینے کی مشترکہ کوششیں کریں اور مسائل کی فہرست کو کم کریں تاکہ چین-امریکہ تعلقات کو مستحکم، صحت مندانہ اور پائیدار ترقی کے راستے پر گامزن کیا جاسکے اور دنیا کو مزید مثبت پیغام دیا جا سکے۔
فریقین نے اتفاق کیا کہ ملاقات مثبت اور تعمیری رہی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر مشترکہ عملدرآمد کرنے، سیاسی اور سفارتی ذرائع کے مربوط کردار کو مکمل طور پر بروئے کار لانے، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کی حمایت کرنے، مختلف شعبوں میں مکالمے اور تعاون کو مستحکم کرنے اور دوطرفہ تعلقات کی مستحکم ترقی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔




