پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف ٹی 20 ورلڈکپ میں ریکارڈ اچھا نہیں، کوشش ہوگی اچھا کھیلیں۔
کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ہمارے لئے سب پلیئر ایک جیسے ہیں، صورتِ حال کیسی ہی کیوں نہ ہو ہم ہر طرح سے تیار ہو کر یہاں آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عثمان طارق ہمارے لئے ٹرمپ کارڈ ہیں، اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ کیا کرتے ہیں، عثمان طارق کے بائوولنگ ایکشن سے متعلق بات چلتی رہی ہے، وہ 2 مرتبہ کلیئر ہو چکے ہیں، پتہ نہیں ان کے ایکشن پر بات کیوں ہو رہی ہے لیکن ان سب باتوں کا عثمان طارق پر کوئی اثر نہیں پڑتا، ہم کسی کی رائے کو روک نہیں سکتے، سب کو اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم رنز کر رہے ہیں، ہمارے لئے پریشانی کی بات نہیں، امید ہے بابر اعظم بھی رنز کریں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف ہمارا ورلڈ کپ میں ریکارڈ اچھا نہیں رہا، ہم نے تاریخ سے سیکھا ہے، کوشش ہو گی اچھا کھیلیں، ہم تیار ہیں، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔




