ہفتہ, فروری 14, 2026
پاکستانعمران خان کی صحت کیساتھ مذاق ناقابل معافی فعل، طبی دہشت گردی...

عمران خان کی صحت کیساتھ مذاق ناقابل معافی فعل، طبی دہشت گردی کرنیوالے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، سہیل آفریدی

 وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت کیساتھ کیا گیا مذاق ناقابل معافی فعل ہے، طبی دہشت گردی کرنیوالے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، بانی کی صحت پر خود سیاست کروں گا نہ کسی کو کرنے دوں گا، عوام کسی بھی منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کی صحت میرے لئے سیاست سے بڑھ کر ہے، ان کی صحت پر نہ میں خود سیاست کروں گا اور نہ ہی کسی کو کرنے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم میں عمران خان کیلئے بے انتہاء محبت کی وجہ سے جو اس وقت غم اور غصہ پایا جا رہا ہے اس کا مجھے بخوبی احساس ہے، لیکن اس کو ہم نے اپنی کمزوری نہیں اپنی طاقت بنانا ہے، ہمیشہ سخت اور نازک وقت میں آپ کو اعصاب مضبوط رکھ کر حکمت سے جنگ لڑنی پڑتی ہے، ایسے وقت میں آپ کی پوشیدہ حکمت عملی ہی آپ کی بہترین طاقت ہوتی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کوئی معمولی شخص نہیں وہ پاکستان کے سابق و موجودہ وزیراعظم ہیں اور پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے تاحیات چیئرمین ہیں، ان کی صحت کیساتھ مذاق کیا گیا ہے جو ناقابل معافی فعل ہے، اب اس وقت ان کا بہترین علاج ہماری اولین ترجیح ہے، کوئی ہرگز یہ نہ سوچے کہ میں عمران خان کے علاج تک آرام سے بیٹھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جو ورکرز بغیر کسی آفیشل کال کے اپنی مدد آپ کے تحت نکلے ہیں تو جہاں پر ہیں وہیں پرامن رہیں اور نزدیکی ورکرز ان کا ساتھ دیں، آپ سب نے آگے بھی پرامن رہنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مخالف جنہوں نے ان کیساتھ طبی دہشتگردی کی ہے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، ہم میں اپنے انتشاری لوگ شامل کر کے ہمارے پرامن احتجاج کو کسی دوسری طرف لے جا کر ہمیں ہی نشانہ بنائیں گے۔

انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تمام انتشاری لوگوں پر نظر رکھنی ہے اور پرامن احتجاج جاری رکھنا ہے، کسی بھی منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین نہیں کرنا جب تک عمران خان کی فیملی اور جماعت کسی بھی خبر کی تصدیق نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ان کا علاج 16فروری تک ہوجانا چاہیے، تمام پاکستانیوں کو اعتماد دلاتا ہوں کہ انشا اللہ آپ سب کے اعتماد، اتفاق و اتحاد اور سپورٹ سے عمران خان کا علاج ذاتی معالج کی نگرانی میں اور فیملی کو اعتماد میں لے کر جلد از جلد ہوگا۔

یہ آپ سب کے ذہن میں ہونا چاہیے کہ عمران خان کی آنکھ کے علاج کیساتھ ہم نے ان کی سیکیورٹی کا بھی خیال رکھنا ہے، کچھ چیزیں بتا کر کی جائیں گی اور کچھ چیزیں شاید فی الحال ہمارے سامنے نہ آئیں۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!