امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں-(شِنہوا)
واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس میں انہوں نے اپنی انتظامیہ کو ہر غیر ملکی تجارتی شراکت دار کے لئے اس کےعائد کردہ ٹیرف کے مساوی ٹیرف کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں کہا کہ میں نے شفافیت کے مقصد کے تحت برابر ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس ملک نے بھی امریکہ پر ٹیرف عائد کئے ہیں ہم ان پر ٹیرف عائد کریں گے جو نہ زیادہ اور نہ کم ہوں گے۔اگر وہ ہم پر ٹیکس یا ٹیرف عائد کریں گے تو ہم بھی ان پر اتنا ہی ٹیکس یا ٹیرف عائد کریں گے۔بہت سادہ بات ہے۔
یادداشت میں کہا گیا ہے کہ سامان کے بڑے اور مستقل تجارتی خسارے کو کم کرنا اور غیر ملکی تجارتی شراکت داروں کے ساتھ تجارت کے غیر منصفانہ اور غیر متوازن پہلوؤں سے نمٹنا امریکہ کی پالیسی ہے۔
نام نہاد ’’منصفانہ اور برابری کے منصوبے‘‘ کے تحت انتظامیہ ہر غیر ملکی تجارتی شراکت دار کے حوالے سے مساوی ٹیرف کا تعین کرکے غیر مساوی تجارتی اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے ’’سختی‘‘ سے کام کرے گی۔یادداشت میں کہا گیا ہے کہ یہ حکمت عملی جامع دائرہ کار پر مبنی ہوگی جو امریکہ کے تمام تجارتی شراکت داروں کے ساتھ غیر مساوی تجارتی تعلقات کا تعین کرے گی۔
مبصرین کا خیال ہے کہ یہ منطق ڈبلیو ٹی او فریم ورک کے تحت مجموعی توازن کے روایتی اصول کو کمزور کرےگی جو ممکنہ طور پر تجارتی تنازعات اور بات چیت میں تعطل کا باعث بنے گی۔اس سے دیگر ممالک امریکہ کے ٹیرف بڑھنے سے جوابی اقدامات پر مجبور ہوں گے۔
