واشنگٹن (شِنہوا) بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز رواں ہفتے اپنا نمائندہ واشنگٹن بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں جبکہ ٹرمپ انتظامیہ تیل کی دولت سے مالا مال اس لاطینی امریکی ملک میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔
رپورٹ میں اس منصوبے سے باخبر افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں وینزویلا کے سفیر اور سابق وزیر خارجہ فلیکس پلاسینشیا روڈریگیز کی ہدایت پر واشنگٹن میں سینئر امریکی حکام کے ساتھ ملاقات کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
وینزویلا کی حزب اختلاف کی ایک اہم رہنما ماریہ کورینا مچادو کا بھی وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے گزشتہ روز کہا کہ کولمبیا میں وینزویلا کے امور کے یونٹ کا عملہ وینزویلا میں مرحلہ وار بنیادوں پر سرگرمیوں کی ممکنہ بحالی کا ابتدائی جائزہ لے گا۔ وینزویلا میں امریکی سفارتخانہ 2019 میں بند کر دیا گیا تھا اور اس وقت تمام سفارتی عملہ واپس بلا لیا گیا تھا۔




