نان جنگ(شِنہوا)نان جنگ میں 12 واں قومی یادگاری دن منایا گیا جس کا مقصد نان جنگ قتل عام کے دوران جاپانی فوجیوں کے ہاتھوں مارے جانے والے تقریباً 3 لاکھ افراد کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ اس سال دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کی 80 ویں سالگرہ بھی ہے۔
سرد موسم کے باوجود ہزاروں افراد سیاہ لباس پہنے، سینوں پر سفید پھول سجائے تقریب میں شرکت کے لئے چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے دارالحکومت نان جنگ پہنچے اور جاپانی جارحیت کے دوران نان جنگ قتل عام کے متاثرین کے یادگاری ہال کے عوامی چوک میں جمع ہوئے۔
تقریب میں شریک ہجوم کے سامنے چین کا قومی پرچم سرنگوں تھا جن میں قتل عام کے زندہ بچ جانے والے افراد، مقامی طلبہ اور بین الاقوامی مہمان شامل تھے۔
صبح 10 بج کر ایک منٹ پر سائرن بجنا شروع ہوئے۔ شہر کے وسطی علاقوں میں ڈرائیوروں نے اپنی گاڑیاں روک دیں اور بیک وقت ہارن بجائے جبکہ راہ گیروں نے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
نان جنگ قتل عام اس وقت پیش آیا جب جاپانی فوجیوں نے 13 دسمبر 1937 کو اس وقت کے چینی دارالحکومت پر قبضہ کیا۔ 6 ہفتوں کے دوران انہوں نے دوسری عالمی جنگ کے سب سے وحشیانہ واقعات میں سے ایک میں تقریباً 3 لاکھ چینی شہریوں اور غیر مسلح فوجیوں کو قتل کیا۔



