شام میں دمشق کے علاقےمظہ میں مظہ فوجی فضائی اڈے پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے۔(شِنہوا)
یروشلم(شِنہوا)اسرائیلی دفاعی افواج ( آئی ڈی ایف) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے شام کے فضائی دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچاتے ہوئے شناخت شدہ تزویراتی زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظاموں کو 90 فی صد سے زائد تباہ کر دیا ہے۔
ایک بیان میں اسرائیلی افواج نے انکشاف کیا کہ بشار الاسد کے ممکنہ زوال کو مدنظر رکھتے ہوئے شام کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا جا رہا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے منظر نامے کے لئے تیاری میں فضائیہ نے ایک وسیع حملے کا منصوبہ تیار کیا جس کا مقصد شام کی فوجی صلاحیتوں کو بے اثر کرنا تھا جس میں تزویراتی ہتھیار شامل ہیں۔
گزشتہ کئی دنوں سےاسرائیلی جنگی طیاروں نے مربوط حملے شروع کر تے ہوئے شام کے سب سے زیادہ تزویراتی ہتھیاروں کو کافی نقصان پہنچایا جن میں جنگی طیارے ،ہیلی کاپٹرز،میزائل،یو اے ویز،ریڈار اور راکٹس شامل ہیں۔
حملوں میں شام کے کئی اہم فضائی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ شمالی دمشق کے قریب واقع ٹی 4ہوائی اڈے کو کافی نقصان پہنچا اوروہاں تعینات ایس یو۔ 22اور ایس یو۔ 24فائٹر سکواڈرنز مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
اسرائیلی حملوں میں 3 اضافی فائٹر سکواڈرن کے حامل”بلے” ہوائی اڈے اور قریبی ہتھیار ذخیرہ کرنے کے مقام کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اس کے علاوہ پیداواری مقامات اور گوداموں کو بھی نشانہ بنایا گیا، ان میں شام کے علاقے حمص میں شام کے سکڈ میزائل پروگرام کے ایک اہم جزو کے طور پر شناخت کیا جانے والا ایک اہم مقام شامل ہے۔
