شام کے شہر دمشق میں فضائی حملوں کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں-(شِنہوا)
ماسکو(شِنہوا)روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے کہا ہے کہ روس شام میں اپنے فوجی اڈوں کو برقرار رکھنے کی امید رکھتا ہے کیونکہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی آر آئی اے کے مطابق نائب وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ’’ میرے خیال میں اس بات پر اتفاق ہے کہ دہشت گردی اور آئی ایس کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ اس کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ہماری موجودگی نے بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا‘‘۔
روسی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ روس نے شام کے حیات تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) گروپ کی سیاسی کمیٹی کے ساتھ رابطے قائم کئے ہیں اور ملک میں روسی سفارتی مشن اور شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس اپنے شہریوں کو مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے جو شام چھوڑنا چاہتے ہیں۔
بوگدانوف نے یہ بھی کہا کہ روس شام کی صورتحال کے حوالے سے اسرائیل کے ساتھ رابطے میں ہے۔
