روس کی وزارت ہنگامی حالات کی جاری کردہ تصویر میں لوگانسک خطے کے شہر لیسیچ نسک میں گولہ باری سے تباہ شدہ ایک عمارت دیکھی جاسکتی ہے- (شِنہوا)
واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے یوکرین کو 50 کروڑ امریکی ڈالر مالیت کے ہتھیار دینے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ یوکرین کو تازہ ترین فوجی امداد کی منظوری کے لئے صدر بائیڈن نے اگست 2021 کے بعد سے 72 ویں مرتبہ اپنے اختیارات کا استعمال کیا ہے۔
تازہ ترین کھیپ میں شامل ہتھیاروں میں فضائی دفاعی صلاحیتیں، راکٹ سسٹم اور توپ خانے کے لئے گولہ بارود اور ٹینک شکن ہتھیار شامل ہیں۔
اس سے قبل امریکی قومی سلامتی کونسل میں تزویراتی رابطوں کے رابطہ کار جان کربی نے وائٹ ہاؤس میں یومیہ پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ کے چند ہفتے باقی ہیں تاہم وہ اپنی مدت کے اختتام تک اضافی پیکج مہیا کرتی رہے گی۔
نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ انہوں نے اتوار کے روز این بی سی نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ یوکرین کو ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد "ممکنہ طور پر” امریکی امداد میں کمی کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان کے نزدیک یہ غیر منصفانہ عمل ہے کہ امریکہ یوکرین کی مدد کے لئے یورپی ممالک سے 3 گنا زائد رقم خرچ کرے۔
