اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینچین میں پانی کی منتقلی کے بڑے منصوبے سے 18کروڑ50لاکھ سے زائد...

چین میں پانی کی منتقلی کے بڑے منصوبے سے 18کروڑ50لاکھ سے زائد افراد مستفید

چین کے وسطی صوبے ہیبے میں دان جیانگ کو  ڈیم کا فضائی منظر-(شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا) چین میں 18کروڑ50لاکھ  سے زیادہ افراد پانی کی منتقلی کے ایک بڑے منصوبے سے براہ راست مستفید ہوئے ہیں جس کے ذریعے گزشتہ ایک دہائی سے پانی سے مالا مال جنوب سے خشک سالی کا شکار شمالی علاقے کو پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ دنیا میں اپنی نوعیت کا یہ سب سے بڑا منصوبہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران اپنے وسطی اور مشرقی راستوں کے ذریعے ملک کے شمالی علاقوں میں 76.7 ارب مکعب میٹر سے زیادہ پانی منتقل کرچکا ہے۔

آبی وسائل کے نائب وزیر وانگ ڈاؤشی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس منصوبے نے چین کے آبی وسائل کی تقسیم کے منظر نامے کو بہتر بنایا ہے اور اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی فوائد میں اضافہ کیا ہے۔

وزارت کے مطابق اس منصوبے نے چین کے شمالی علاقوں میں جی ڈی پی کی نمو  میں 160 کھرب یوآن (تقریباً 22کھرب 30ارب امریکی ڈالر) سے زیادہ حصہ ڈالا ہے کیونکہ 2023 کی بنیاد پر جی ڈی پی کے ہر 10 ہزار یوآن مالیت کو 46.9 مکعب میٹر پانی کا وسیلہ درکار ہوتا ہے۔

اس منصوبے کا تصوراتی آغاز 1950 کی دہائی میں ہوا تھا اور اس کے وسطی اور مشرقی راستوں کے پہلے مرحلے کو 2014 کے آخر میں فعال کیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ ملک کے آبی وسائل سے مالا مال جنوب سے شمالی علاقوں تک طویل فاصلے تک پانی پہنچاتا ہے، جہاں اقوام متحدہ کے معیارات کے مطابق لاکھوں لوگوں کو "پانی کی شدید قلت” کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وانگ ڈاؤشی نے کہا کہ اس منصوبے کا پانی کی منتقلی کا سالانہ حجم 2 ارب مکعب میٹر سے بڑھ کر 10 ارب مکعب میٹر ہو گیا ہے، جس سے اس کے روٹ سے متصل 45 بڑے اور درمیانے درجے کے شہروں کو فائدہ پہنچا ہے۔

3 راستوں پر مشتمل یہ منصوبہ چین کے 4 اہم دریاؤں یانگزے، ہوائی ہے، زرد اور ہائی ہے پر پھیلا ہوا ہے۔

اس منصوبے کا مشرقی روٹ چین کے مشرقی صوبے جیانگسو سے تیانجن شہر اور شانڈونگ صوبے جیسے علاقوں میں پانی منتقل کرتا ہے۔ اس کا مغربی روٹ منصوبہ بندی کے مرحلے میں ہے اور ابھی تک تعمیر نہیں کیا گیا ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!