یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آف چائنہ کے فراہم کردہ ڈائیگرام میں ’’زو چھونگ ژی 3.0‘‘ چپ کا منظر-(شِنہوا)
ہیفے(شِنہوا)چین کا سپر کنڈکٹنگ کوانٹم کمپیوٹر کمرشل استعمال کے لئے نصب کر دیا گیا ہے جو "زوچھونگ ژی 3.0” ماڈل سے مشابہ ہے۔ یہ کوانٹم کمپیوٹنگ کے عملی استعمال کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
"زو چھونگ ژی 3.0” سیریز کی اسی چپ کا استعمال کرتے ہوئے 105 قابل مطالعہ کیوبِٹس اور 182 کپلرز پر مشتمل اس مشین کو چائنہ ٹیلی کام کوانٹم گروپ (سی ٹی کیو جی) اور کوانٹم سی ٹیک کمپنی لمیٹڈ کی ایک ٹیم نے تیار کیا ہے جو چین کے مشرقی صوبہ آنہوئی کے دارالحکومت ہیفے میں قائم معروف کوانٹم کمپنیاں ہیں۔
یہ مشین کوانٹم رینڈم سرکٹ سیمپلنگ جیسے امور کو دنیا کے طاقتور ترین سپر کمپیوٹر کے مقابلے میں کھربوں گنا زیادہ رفتار سے انجام دیتی ہے۔
کوانٹم کمپیوٹنگ کو اگلی نسل کے معلوماتی انقلاب کی ایک کلیدی ٹیکنالوجی سمجھا جاتا ہے۔
مارچ 2025 میں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آف چائنہ سے پان جیان وی، ژو شیاؤ بو اور پینگ چھینگ ژی سمیت چینی سائنسدانوں نے کامیابی کے ساتھ 105-کیوبٹ والا سپر کنڈکٹنگ کوانٹم کمپیوٹر پروٹوٹائپ "زوچھونگ ژی 3.0” تیار کیا اور ایک بار پھر سپر کنڈکٹنگ نظام میں کوانٹم کمپیوٹیشنل ایڈوانٹیج کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
کوانٹم کمپیوٹیشنل ایڈوانٹیج جسے "کوانٹم سپریمیسی” بھی کہا جاتا ہے اس مرحلے کو کہتے ہیں جب کوانٹم کمپیوٹر مخصوص امور میں جدید ترین کلاسیکل سپر کمپیوٹرز سے بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔
سی ٹی کیو جی کے سینئر کوانٹم کمپیوٹنگ محقق ژانگ شن فانگ نے کہا کہ "سب سے مضبوط کوانٹم کمپیوٹیشنل ایڈوانٹیج” کا حامل یہ کوانٹم کمپیوٹر "تیان یان” کوانٹم کمپیوٹنگ کلاؤڈ پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا جس سے یہ دنیا بھر کے صارفین کے لئے دستیاب ہوگا۔
