امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ختم ہو گئی۔ پیر کے روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ مختصر دورے پر اسرائیل پہنچے۔
امریکی صدارتی طیارے کے تل ابیب میں بین گوریون ایئرپورٹ پر اترنے پر اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اور وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ان کا استقبال کیا۔ طیارے میں سوار صحافیوں نے امریکی صدر سے سوال کیا کہ کیا وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع کے خاتمے کے بارے میں پر اعتماد ہیں، ٹرمپ نے جواب دیا جنگ ختم ہو گئی۔
ٹھیک ہے؟ سمجھ گئے آپ؟ انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ جنگ بندی قائم رہے گی ۔قبل ازیں واشنگٹن کے قریب اینڈریوز فضائی اڈے سے روانگی سے قبل ٹرمپ نے اپنی مشرقِ وسطی کی اس سفری مہم کو انتہائی خاص قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کا دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد اسرائیل کا پہلا دورہ ہے۔ ٹرمپ نے طیارے میں کہا کہ انھیں فریقین اور کئی اہم علاقائی کھلاڑیوں کی طرف سے زبانی ضمانتیں ملی ہیں جو معاہدے کے پہلے مرحلے سے متعلق ہیں اور وہ نہیں سمجھتے کہ کوئی بھی انھیں مایوس کرنا چاہے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ان کے اور نیتن یاہو کے تعلقات انتہائی اچھے ہیں، حالانکہ ماضی میں کچھ اختلافات ہوئے جو جلد ختم ہو گئے ۔
ٹرمپ نے یہ خواہش بھی ظاہر کی کہ وہ غزہ کا دورہ کرنا چاہتے ہیں یا کم از کم اس کی زمین پر قدم رکھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے وعدہ کیا کہ ان کی سربراہی میں غزہ کے لیے نئی امن کونسل بہت جلد تشکیل دی جائے گی۔
