بلال عباس اور درِ فشاں سلیم نے بہترین آن اسکرین جوڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
ہم ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب امریکا کے شہر ہیوسٹن میں منعقد ہوئی، جس میں ہم ٹی وی نیٹ ورک پر نشر ہونے والے ڈراموں کے اداکاروں، ہدایت کاروں اور لکھاریوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
ایوارڈز کی فہرست میں اس سال ڈراما سیریلز عشق مرشد اور زرد پتوں کے بن نمایاں رہے۔ بلال عباس خان کو عشق مرشد کے لیے بہترین اداکار اور سجل علی کو زرد پتوں کے بن کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
فاروق رند نے عشق مرشد کے لیے اور صیفی حسن نے زرد پتوں کے بن کے لیے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ڈراما سیریل عشق مرشد کے لیے احمد جہانزیب کو بہترین اوریجنل سانڈ ٹریک کا ایوارڈ دیا گیا، جب کہ ہم اسپیشل گولڈ پلیٹ ونر کے طور پر عدنان صدیقی کو اعزاز سے نوازا گیا۔
مصطفی آفریدی نے زرد پتوں کے بن کے لیے بہترین ڈراما لکھاری کا ایوارڈ جیتا، جب کہ سلطنت کو لانگ رننگ سیریل اور بے رنگ کو بیسٹ پرفارمنگ سوپ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فیصل قریشی کو ڈراما سیریل ظلم کے لیے منفی کردار میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا، جب کہ سید تنویر حسین کو زرد پتوں کے بن کے لیے امپیکٹ فل ایوارڈ سے نوازا گیا۔
علی طاہر نے زرد پتوں کے بن کے لیے بہترین معاون اداکار کا اعزاز حاصل کیا، جب کہ نادیہ جمیل کو خوشبو میں بسے خط کے لیے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
سحر ہاشمی نے ظلم کے ذریعے بہترین ڈیبیو اداکارہ کا ایوارڈ جیتا، جب کہ ضرار خان بہترین ڈیبیو اداکار قرار پائے۔
ہانیہ عامر کو گلوبل اسٹار ایوارڈ دیا گیا، جب کہ بہترین ڈرامے کا ایوارڈ عشق مرشد نے اپنے نام کیا۔
