چین کے شمالی صوبے شنشی کے یانگ چھوان شہر میں ایک کان کنی کی مشین ہوا یانگ نمبر 2 کو ئلے کی کان میں کام کر رہی ہے۔(شِنہوا)
تائی یوآن(شِنہوا)چین کے کوئلے سے مالا مال شمالی صوبے شنشی نے رواں سال کے پہلے8ماہ کے دوران 9 ارب 10 کروڑمکعب میٹرز کول بیڈ میتھین کی ریکارڈ پیداوار حاصل کی جوکہ گزشتہ سال کی نسبت 23.1 فیصد اضافے کے ساتھ بلند ترین سطح ہے۔
صوبائی شماریاتی ادارے نے بتایا ہے کہ حالیہ برسوں میں شنشی نے چِھن شوئی باسین اور اردوس باسین کے مشرقی کنارے میں دو بڑے کول بیڈ میتھین پیداواری مراکز قائم کئے ہیں۔ انہیں کول بیڈ میتھین کی پیداوار اور ترقی میں ملکی سطح پر سبقت حاصل ہے۔
صوبائی توانائی ادارے نے بتایا ہے کہ کول بیڈ میتھین ایک غیر روایتی قدرتی گیس ہے جوکہ بنیادی طور پر میتھین پر مشتمل ہوتی ہے اور کوئلے کی تہوں سے پیدا ہوتی ہے۔ اس کا اخراج کوئلے کی کان کے گیس دھماکوں کے حادثات میں کمی، قدرتی گیس کی رسد میں اضافے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔
شنشی کوئلے کا ایک بڑا پیداواری صوبہ ہے اور کول بیڈ میتھین کے وافر وسائل کا مرکز ہے ۔یہاں 2023 کے اختتام تک 924 ارب مکعب میٹرز سے زائد کول بیڈ میتھین کے ارضیاتی ذخائر موجود تھے۔
