غزہ پر اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں 65 فلسطینی افراد شہید ہوگئے جبکہ قابض فوج نے 1500سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے غزہ میں تازہ حملوں کے نتیجے میں 65 افراد شہید ہوگئے جن میں ایک ہی خاندان کے 14 فراد بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق قابض فوج نے شاتی پناہ گزین کیمپ میں ایک سکول کو بھی نشانہ بنایا جبکہ حملے میں 2 مکانات بھی تباہ ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کے مغربی کنارے کے علاقے تلکریم میں گھروں پر غیر قانونی چھاپوں کے دوران 1500 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
حماس نے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاریاں اجتماعی سزا اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔حماس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے چھاپے اور گرفتاریاں علاقے میں اس کا کنٹرول کھونے کا اظہار ہیں۔
