دہلی ہائی کورٹ نے بولی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی شناخت کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی درخواست پر متعدد آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پلیٹ فارمز کو ان کی تصاویر اور ویڈیوز استعمال کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے کہا کہ کسی مشہور شخصیت کی شناخت، تصاویر یا آواز کا بغیر اجازت استعمال نہ صرف مالی نقصان کا سبب بنتا ہے بلکہ ان کے نجی حقوق اور وقار پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ عبوری حکم میں عدالت نے پلیٹ فارمز اور اداروں کو یہ پابندی عائد کی کہ وہ ایشوریا رائے کے نام، تصاویر یا شخصیت سے متعلق کسی بھی مصنوعات، ڈیجیٹل مواد یا جعلی ویڈیوز کو نہ بنائیں، نہ شیئر کریں اور نہ فروخت کریں۔
جسٹس تیجس کاریا نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیپ فیک ٹیکنالوجی یا کسی بھی ڈیجیٹل ہیر پھیر کے ذریعے اداکارہ کے حوالے سے مواد تیار کرنا بھی ممنوع ہوگا۔
ادھر ایشوریا رائے کے شوہر، بولی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن کی درخواست بھی زیر سماعت ہے، جس میں انہوں نے اپنی تصویر، شخصیت اور جعلی ویڈیوز کے غیر مجاز استعمال کے خلاف اپنے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ عدالت نے ان کی درخواست پر شواہد طلب کر لیے ہیں اور جلد فیصلہ جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
