ماسکو: روس نے انٹیلی جنس اورتخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزا م میں برطانوی سفارت خانے کے 6 ملازمین کی ایکریڈیٹیشن منسوخ کر دی ہے۔
آر آئی اے نووستی کی ایک رپورٹ کے مطابق روس کی فیڈرل سیکورٹی سروس (ایف ایس بی) نے کہا کہ اسے ایسی دستاویزات حاصل ہوئی ہیں جن سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ لندن بین الاقوامی فوجی اور سیاسی صورتحال کو مزید خراب کرنےکی کوششوں میں مصروف ہے۔
ایف ایس بی کے مطابق برطانیہ کا خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقی دفتر کا مشرقی یورپ و وسطی ایشیا کا ڈائریکٹوریٹ روس اور دولت مشترکہ کی آزاد ریاستوں (سی آئی ایس ) کے خلاف تخریبی سرگرمیوں کو منظم کرنے والا مرکزی ادارہ ہے۔
ایف ایس بی نے کہا کہ روس اور سی آئی ایس کے معاملات کی نگرا نی کے لیے قائم ڈائریکٹوریٹ نے یوکرین میں خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے خصوصی انٹیلی جنس سروس کے طور پر مؤثر طریقے سے کام کیا ہے۔
