دوبئی: چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین اور متحدہ عرب امارات مشترکہ ترقی کی راہ پر اچھے شراکت دار ہیں۔
لی نے یہ بات متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے ساتھ دبئی میں بات چیت کے دوران کہی۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس سال چین اور متحدہ عرب امارات کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 40 ویں سالگرہ ہے، لی نے کہا کہ گزشتہ 40 سالوں میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو ہمہ جہت طریقے سے آگے بڑھایا ہے اور مثبت نتائج حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے طویل عرصے سے متحدہ عرب امارات کو چین کی مشرق وسطیٰ کی سفارتکاری میں ترجیح دی ہے اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک آگے بڑھنے سمیت ایک دوسرے کی مضبوطی سے حمایت کریں، دوطرفہ تعلقات کی سیاسی بنیاد کو مستحکم کریں، مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کریںاور اپنے لوگوں کو زیادہ فوائد فراہم کریں تاکہ دوطرفہ تعلقات میں نئی روح پھونکی جا سکے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ چین اور متحدہ عرب امارات مشترکہ ترقی کی راہ پر اچھے شراکت دار ہیں اور یہ دونوں فریقوں کے بنیادی مفاد میں ہے کہ باہمی تعاون کو مضبوط کیا جائے اور ایک دوسرے کی کامیابی میں مدد کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چین بہتر باہمی فائدے کے لئے متحدہ عرب امارات کے ساتھ ترقیاتی مواقع کا اشتراک کرنے کا خواہاں ہے ، انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تعاون کے امکانات کو مزید بروئے کار لائیں ،باہمی مفید فوائد سے مکمل استفادہ کریں ، اقتصادی اور تجارتی تعاون کے پیمانے کو وسعت دیں اور بنیادی ڈھانچے ، نئی توانائی ، ڈیجیٹل اور ماحول دوست معیشت پر تعاون کو مضبوط بنائیں تاکہ ایک دوسرے کی پائیدار ترقی کو حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے چین میں سرمایہ کاری بڑھانے کا خیر مقدم کیا جائے گا اور چین اپنے کاروباری اداروں کو متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر چین کو مبارکباد دی اور چین کی زبردست ترقیاتی کامیابیوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی نگرانی اور رہنمائی میں حالیہ برسوں میں متحدہ عرب امارات اور چین کے تعلقات میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کو بہت اہمیت دیتی ہے اور ہمیشہ ایک چین اصول پر سختی سے کاربند رہی ہے۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی 40 ویں سالگرہ کے موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار ہے تاکہ اس کے فوائد سے مزید فائدہ اٹھایا جاسکے ، تجارت کو وسعت دی جاسکے ، سرمایہ کاری ، توانائی اور تعلیم جیسے شعبوں میں تعاون کو گہرا کیا جاسکے ، عوامی تبادلوں کو مضبوط بنایا جاسکے اور دونوں ممالک کے مابین جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں نئی پیش رفت کو فروغ دیا جاسکے۔
