اوہائیو: سپین کے نامور ٹینس سٹار، عالمی نمبر ٹو اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز، روس کے آندرے روبلوف اور کیرن خچانوف اے ٹی پی سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ٹاپ 16 رائونڈ میں پہنچ گئے۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں22 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار، عالمی نمبر ٹو اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکارازنے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سربین حریف کھلاڑی حماد میڈجیڈوچ کو سٹریٹ سیٹس میں کو 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، ہسپانوی کارلوس الکاراز کا پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں مقابلہ اٹلی کے حریف کھلاڑی لوکا نارڈی سے ہوگا۔
تیسرے رائونڈ کے ایک اور میچ میں 27 سالہ روس کے ٹینس سٹار آندرے روبلوف نے آسٹریلوی حریف کھلاڑی الیکسی پوپیرین کوسخت مقابلے کے بعد 7-6(7-5)،7-6(7-5)اور 7-5سے شکست دے کر ٹاپ 16 رائونڈ تک رسائی حاصل کی، جہاں روسی فاتح کھلاڑی کا مقابلہ ارجنٹائن کے حریف کھلاڑی فرانسسکو کومیسا سے ہوگا۔
روس کے ہی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف نے تیسرے رائونڈ میچ میں امریکی حریف کھلاڑی جینسن ٹائلر بروکسبی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-3سے شکست دے کر چوتھے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
