پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کی خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے باقاعدہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب بھر کی طالبات کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسی نیشن دی جائیگی۔
وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیرصدارت اجلاس میں صوبہ بھر کی خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے باقاعدہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے پروگرام شروع کیا جائیگا، پنجاب بھر کی طالبات کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسی نیشن دی جائیگی۔
رپورٹ کے مطابق سروائیکل کینسر کے خاتمے کیلئے طالبات کی ویکسی نیشن مہم نومبر سے شروع ہوگی، اجلاس میں 80 لاکھ طالبات کو ویکسینیٹ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مہم میں 9 سے 14 سال تک کی طالبات کی ویکسی نیشن کی جائیگی، مہم کی 100 فیصد کامیابی کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔
وزیر صحت کے مطابق مہم کا دائرہ کار سرکاری اسکولز کے علاوہ نجی اسکولز اور مدرسہ تک پھیلایا جائیگا، محکمہ صحت کی ٹیمیں اسکولوں میں جاکر طالبات کو ویکسین دیں گی۔
