چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کی کاؤنٹی کاؤشیان میں واقع ہانفو مرکز میں ایک اطالوی مہمان ہانفو پہن کر دیکھ رہی ہے۔(شِنہوا)
جینان (شِنہوا) چین کے مشرقی صوبےشان ڈونگ کے ایک نمائش ہال میں اطالوی فیشن بلاگر کمیلا پیڈرسینی پہلی بار ہانفو کا لباس زیب تن کرنے سے قبل پوری توجہ سے ہانفو کی تیاری کے پیچیدہ عمل کا مشاہدہ کر رہی تھی ۔
انہوں نے حیرت سے کہا کہ اس قسم کا لباس بہت شاندار ہے، یہ آپ کو قدیم زمانے میں واپس لے جاتا ہے اور چینی ثقافت بہت دلچسپ ہے۔
چین کے روایتی لباس ہانفو کا صدیوں میں ارتقاءہوا ہے اور حالیہ برسوں میں نوجوانوں کی روایتی ثقافت میں نئی دلچسپی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس کی بڑھتی ہوئی نمائش کی وجہ سے اسے دوبارہ مقبولیت ملی ہےتاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ملک میں ہانفو کا سب سے بڑا پیداواری مرکزشان ڈونگ کی کاؤنٹی کاؤشیان ہے۔
کاؤشیان کا ہانفو سے تعلق تقریباً 17 برس قبل شروع ہوا تھا۔ اس وقت چند دیہاتیوں نے فوٹو اسٹوڈیوز اور فن کے مظاہروں کے لئے ہانفو ملبوسات بنانا شروع کئے ۔ چین میں ای کامرس کے عروج کے ساتھ مقامی ہانفو بنانے والوں نے آن لائن اسٹور کھولے جس کے بعد اس لباس کی زبردست مانگ دیکھ کر انہیں خوشگوار حیرت ہوئی۔
13لاکھ سے زائد آبادی کے حامل کاؤشیان میں اب ہانفو کے 2 ہزار753 کاروباری ادارے کام کررہے ہیں ۔ گزشتہ برس کاؤنٹی کی مجموعی آن لائن اور آف لائن ہانفو کی فروخت 12 ارب یوآن (تقریباً 1.67 ارب امریکی ڈالر) سے زائد تھی جو قومی مارکیٹ کا تقریباً نصف تھی۔
صرف 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ہانفو کی فروخت 3.14 ارب یوآن سے زائد رہی جو کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 15.8 فیصد زائد ہے۔
