سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ 2022-25ء کے دوران ملکی برآمدات 90.3 ارب ڈالر، درآمدات 169.2ارب ڈالر جبکہ تجارتی خسارہ 78.9 ارب ڈالر رہا۔
جمعہ کو وزارت تجارت نے گزشتہ 3 سالوں کی برآمدات، درآمدات اور تجارتی خسارے کی تفصیلات ایوان میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2022-23ء میں برآمدات 27.7 ارب ڈالرز، درآمدات 55.2 ارب ڈالرز رہیں اور تجارتی خسارہ 27.5 ارب ڈالرز رہا۔
جبکہ مالی سال 2023-24ء میں برآمدات 30.6ارب ڈالرز، درآمدات 55.7ارب ڈالرز جبکہ تجارتی خسارہ 25.1ارب ڈالرز رہا۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25ء میں برآمدات 32 ارب ڈالر، درآمدات 58.3 ارب ڈالر اور تجارتی خسارہ 26.3 ارب ڈالر رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا دسمبر 2025ء میں برآمدات 15135ملین ڈالرز اور درآمدات 34475ملین ڈالرز رہیں جبکہ جولائی تا دسمبر 2024 میں برآمدات 16631ملین ڈالرز تھیں جو 9فیصد کمی ظاہر کرتی ہیں، اسی عرصے میں برآمدات 30902 ملین ڈالرز رہیں، جو 12 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر 2025 میں تجارتی خسارہ 19340ملین ڈالرز رہا، جبکہ جولائی تا دسمبر 2024 میں تجارتی خسارہ 14271ملین ڈالرز تھا، جو 36 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔




