ہفتہ, فروری 14, 2026
تازہ ترینتنزانیہ میں چینی سفارت خانے کے زیر اہتمام بہار میلہ، مقامی شہری...

تنزانیہ میں چینی سفارت خانے کے زیر اہتمام بہار میلہ، مقامی شہری بھی پُرجوش انداز میں شریک

جمعہ کی شام تنزانیہ کے شہریوں نے ملک میں مقیم چینی کمیونٹی کے ساتھ مل کر بہار کے تہوار کی خوشیاں منائیں جو نئے چینی سال کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

تقریب میں سفارت کاروں، حکومتی اہلکاروں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر تنزانیہ اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنزانیہ کے نائب وزیر برائے خارجہ امور و مشرقی افریقہ تعاون جیمز کیناسی میلیا نے تنزانیہ کی حکومت کی جانب سے چین کے عوام اور بیرون ملک مقیم چینی کمیونٹی کو گرمجوش مبارکباد پیش کی۔

میلیا نے تقریب کے انعقاد پر چین کے سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے ثقافتی تبادلے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرتے ہیں۔

گزشتہ برس کا جائزہ لیتے ہوئے میلیا نے کہا کہ تنزانیہ اور چین نے قیادت ، اداروں اور شہریوں کی سطح پر بڑھتے ہوئے تعلقات کے ذریعے  قابلِ ذکر ترقی حاصل کی۔

میلیا نے چین کو تنزانیہ کا ایک اہم اسٹریٹجک شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے فروغ پاتے معاشی تعلقات کو بھی سراہا جن میں تجارت میں وسعت، چینی سرمایہ کاری میں اضافہ اور ثقافتی و تعلیمی تبادلوں میں تیزی شامل ہے۔

ساؤنڈ بائٹ 1 (انگریزی): جیمز کیناسی میلیا، نائب وزیر، خارجہ امور و مشرقی افریقہ تعاون، تنزانیہ

"رواں برس  کو ’چین افریقہ سال برائے عوامی تبادلہ‘کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ہمارے لئے وسیع تعاون، ثقافتی تبادلوں، ہنر کی ترقی اور سیاحت کے فروغ کے ذریعے ایک دوسرے کو سمجھنے  اور دوستی کو مزید گہرا کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اسی تناظر میں گھوڑے کا سال ہمیں مشترکہ خوشحالی کے فروغ، مواقع میں اضافے اور اجتماعی کوششوں کے لئے اعتماد اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی نظم و نسق کو درپیش چیلنجز کا بھی مل کر مقابلہ کیا جائے ۔ تنزانیہ چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کو دوہراتا ہے۔ ہم امن، ترقی اور شمولیتی عالمی نمو کے فروغ کے لئے خطے اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔”

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفارت خانے کے قائم مقام ناظم الامور  وانگ یونگ نے کہا کہ بہار کا تہوار اتحاد، زندگی کی توانائی اور امید کی علامت ہے۔

وانگ نے کہا کہ چین اور تنزانیہ کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں جن کی جھلک بڑھتے ہوئے سیاسی اعتماد، وسیع تر معاشی تعاون اور گہرے عوامی روابط میں واضح دکھائی دیتی ہے۔

ساؤنڈ بائٹ 2 (انگریزی):  وانگ یونگ، قائم مقام ناظم الامور، چینی سفارت خانہ، تنزانیہ

"گزشتہ ایک برس کے دوران تنزانیہ میں مقیم چینی شہریوں جن میں چینی اداروں اور کمپنیوں سے وابستہ افراد، اساتذہ اور طلبہ شامل ہیں نے مقامی معاشی و سماجی ترقی اور دوطرفہ تعاون میں نئی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے ہمارے دونوں عظیم ممالک کے درمیان گہرے تبادلوں اور باہمی تفہیم کے پل قائم کئے ۔ خواب بلند ہیں اور سفر لمبا ہے مگر مضبوط قدم ہمیں منزل تک پہنچائیں گے۔ مجھے امید ہے کہ آپ سب گھوڑوں کی طرح بھرپور توانائی کے ساتھ  آگے بڑھیں گے اور وقت کے دھارے کو آگے لے جائیں گے۔ اس طرح آپ دوطرفہ تعلقات کے فروغ،  تعاون کے حامی اور باہمی دوستی کے معمار بنتے رہیں گے۔”

دار السلام، تنزانیہ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!