بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تجارت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کی اقتصادی اور تجارتی ٹیموں نے اپنے اقتصادی و تجارتی مشاورتی طریقہ کار کے ذریعے مختلف سطح پر قریبی رابطہ برقرار رکھا ہوا ہے۔
وزارت تجارت کے ترجمان حہ یادونگ نے ایک معمول کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ دونوں ممالک کی اقتصادی اور تجارتی ٹیموں نے بوسان ملاقات میں دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عملدرآمد، کوالالمپور میں ہونے والی اقتصادی و تجارتی مشاورت کے نتائج اور اقتصادی و تجارتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تحفظات دور کرنے کے حوالے سے بروقت تبادلہ خیال کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں سربراہان مملکت کے اتفاق رائے کی روشنی میں چین اس بات کے لئے تیار ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ مل کر مذاکرات اور رابطوں کو مضبوط بنائے، اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرے اور برابری، احترام اور باہمی فائدے کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے عملی تعاون کو وسعت دے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد چین اور امریکہ کے اقتصادی و تجارتی تعلقات کی مثبت، مستحکم اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔




