آکرا (شِنہوا) گھانا میں چین کی طبی ٹیم کے 14 ویں بیچ نے چین-گھانا دوستی (لیکما) ہسپتال کے اشتراک سے دارالحکومت آکرا میں مقامی سرجنز کے لئے جدید جراحی کی تربیت کا پروگرام منعقد کیا۔
طبی ٹیم کے سربراہ یانگ یونگ گوانگ نے کہا کہ اس پروگرام میں کم سے کم مداخلت والی لیپروسکوپک جراحی اور موتیا کی سرجری پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے، اس کا مقصد تعلیمی تبادلوں اور مہارت میں اضافے کے لئے ایک پائیدار پلیٹ فارم قائم کرنا اور گھانا میں ان طریقوں کے وسیع تر طبی اطلاق کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی طبی ٹیم کی مدد سے لیکما ہسپتال نے کامیابی کے ساتھ کم سے کم مداخلت والی کچھ جدید لیپروسکوپک جراحی اور موتیا کی سرجریز کی ہیں، ان میں بہت سی سرجریز پہلی مرتبہ گھانا اور مغربی افریقہ میں کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں کی بدولت یہ ہسپتال ایک عمومی طبی ادارے سے طبی دیکھ بھال کے علاقائی مرکز میں تبدیل ہو چکا ہے جو لیپروسکوپک جراحی اور موتیا کے علاج میں اپنی مہارت کے لئے شہرت رکھتا ہے۔
لیکما ہسپتال کے جراحی یونٹ کے سربراہ محمد زکریا نے کہا کہ جدید صحت کی دیکھ بھال میں لیپروسکوپک سرجری ہی بہترین راستہ ہے، کیونکہ اس میں مریض جلد صحت یاب ہو جاتا ہے اور خون کا ضیاع بھی کم ہوتا ہے۔
انہوں نے چینی طبی ٹیم کی تعریف کی، جو گھانا میں چینی کاروباری برادری کے ساتھ تعاون کر کے ہسپتال میں لیپروسکوپک سرجری کی ترقی میں مدد کر رہی ہے۔




