منگل, جنوری 13, 2026
تازہ ترینٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بنگلادیش کا شرکت سے انکار کا معاملہ آئی...

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بنگلادیش کا شرکت سے انکار کا معاملہ آئی سی سی کیلئے درد سر بن گیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے انکار کا معاملہ آئی سی سی کیلئے درد سر بن گیا ہے اور معاملہ سلجھنے کے بجائے مزید الجھتا ہوا دکھائی دینے لگا ہے۔

بنگلادیش کے مشیر کھیل آصف نظرل نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم کی جانب سے موصول ہونیوالے خط کے بعد 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش ٹیم کیلئے بھارت جانا ناممکن ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ ہمارے بھارت میں میچز نہ کھیلنے کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے، ہم نے آئی سی سی کو دو خطوط بھیجے اور اب دوسرے خط کے جواب کا انتظار کررہے ہیں، ایک اہم بات یہ ہے کہ آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم اور سکیورٹی کے ذمہ داران نے ایک خط بھیجا ہے اس میں تین چیزوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو بنگلادیش ٹیم کیلئے خطرہ بڑھا سکتی ہیں، خط مندرجات کے مطابق اگر مستفیض الرحمان ٹیم میں شامل ہوں یا بنگلادیشی شائقین قومی جرسی پہن کر سٹیڈیم میں آئے تو صورتحال کشیدہ ہوسکتی ہے، اسکے علاوہ جیسے جیسے انتخابات قریب آئینگے وہاں بنگلادیش ٹیم کیلئے سکیورٹی خطرات میں اضافہ ہوگا، یہ خط واضح طور پر ثابت کرتا ہے کہ بھارت میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کیلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا ممکن نہیں ہے۔

آصف نظرل نے کہا کہ اگر آئی سی سی یہ توقع رکھتا ہے کہ ہم اپنے بہترین بولر کے بغیر ٹیم بنائیں، شائقین ہماری جرسی نہ پہنیں اور ہم انتخابات کو موخر کریں تاکہ کرکٹ کھیل سکیں، تو یہ سب سے زیادہ غیر حقیقی اور ناممکن توقع ہوگی، بھارت میں موجودہ سماجی اور کمیونٹی حالات اور گزشتہ 16 ماہ سے جاری بنگلادیش مخالف ماحول نے بنگلادیش کے بھارت میں کھیلنے کو ناممکن بنادیا ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کے میچز بھارت میں ہی محفوظ شہروں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بنگال ٹائیگرز نے موجودہ شیڈول کے تحت اپنے ابتدائی تین ورلڈکپ میچز کولکتہ جبکہ ایک میچ ممبئی میں کھیلنا ہے، یہ میچز چنئی اور تھرواننتاپورم منتقل کئے جائینگے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے وضاحت کی ہے کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کے میچز کو منتقل کرنے کی ہدایت نہیں کی۔

بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا کا کہنا تھا ہمیں کسی بھی میچ کے مقام میں تبدیلی کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا ہے، ہمیں بنگلادیش کے میچز کو چنئی یا کسی اور شہر میں منتقل کرنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی، فی الوقت ہمیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں، اگر کوئی ایسی ہدایت کی گئی تو اس کے مطابق انتظامات کریں گے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!