چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے شہر دالیان میں چینی کار ساز ادارے ایف اے ڈبلیو جائی فینگ گروپ کے ٹرک ساز ذیلی ادارے کی انجن تیار کرنے والی گیگا فیکٹری دیکھی جاسکتی ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے کسٹم عہدیدار کا کہنا ہے کہ چین کی برآمدات میں نام نہاد "حد سے زیادہ گنجائش” خالصتاً غلط فہمی ہے۔
جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے نائب سربراہ وانگ لنگ جون نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں امریکی حکومت کے چینی برآمدات میں حد سے زیادہ گنجائش کے دعوے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین میں حد سے زیادہ گنجائش جیسی کوئی چیز نہیں ہے، چاہے اسے تقابلی حوالے یا عالمی مارکیٹ کی طلب کے نکتہ نظر سے دیکھا جائے۔
وانگ نے کہا کہ چینی اشیاء عالمی منڈی میں بڑے پیمانے پر مقبول ہیں جو ایک جامع اور مسلسل اپ گریڈ شدہ صنعتی نظام کے ساتھ ساتھ تحقیق، ترقی اور اختراع پر جاری سرمایہ کاری پر انحصار کرتی ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ یہ واضح اور ناقابل تردید ہے کہ ملک کی مکمل پیداواری سپلائی چین عالمی سپلائی و پیداواری چین کے استحکام کو یقینی بناتی ہے جس سے دنیا بھر میں تکنیکی ترقی اور صنعتی بہتری ہوتی ہے۔
وانگ نے کہا کہ بعض ممالک کا بار بار ایسا دعویٰ بنیادی طور پر چین کی ترقی کو دبانے اور اس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے جو تحفظ پسندی کی ایک قسم ہے۔ اس سے عالمی صنعتی تعاون اور سپلائی چین کے استحکام کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ کھلا تعاون اور باہمی فائدے کو برقرار رکھنا عالمی اقتصادی ترقی کے لئے صحیح سمت ہے۔
