چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر سوژو کے وو ژانگ ضلع کے ڈونگ شان قصبے کے قریب تائی ہو جھیل کا ایک دلکش منظر ۔ (شِنہوا)
نان جنگ (شِنہوا) چین کے صنعتی مرکز میں واقع ملک کی تیسری سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل تائی ہو میں پانی کا معیار گزشتہ 30 برس کی بہترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔
یہ جھیل چین کے سب سے زیادہ صنعتی اور گنجان آبادی والے علاقوں میں سے ایک دریائے یانگسی خطے میں واقع ہےاور یہ کبھی آلودگی کے سبب الجی کے پھیلاؤ کے لئے مشہور تھی۔
جھیل کا بیشتر حصہ صوبہ جیانگسو میں واقع ہے۔ صوبائی محکمہ حیاتات و ماحولیات کے مطابق 2024میں 3 دہائی میں پہلی بارجھیل میں پانی کا اوسط معیار ملک میں رائج 5 درجے میں سے تیسرے درجے یعنی ’’ کافی اچھا‘‘ پر پہنچ گیا ہے۔
محکمہ نے بتایا کہ گزشتہ برس موسم گرما کے دوران جھیل میں نیلے سبز الجی کے اوسط رقبے اور کثافت میں گزشتہ برس کی نسبت بالترتیب 15.8 فیصد اور 17.5 فیصد کمی ہوئی۔
چینی اکیڈمی برائے سائنس کےنان جنگ انسٹی ٹیوٹ آف جیوگرافی اینڈ لیمنولوجی کے محقق ژو گوانگ وے نے کہا کہ ہم جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ ایک بڑی جھیل میں یوٹروفیکیشن کنٹرول کا ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔
ژو نے کہا کہ میٹھے پانی کی بڑی جھیلوں میں یوٹروفیکیشن کا خاتمہ خاص طور پر معاشی طور پر متحرک خطوں میں ایک عالمی چیلنج ہے۔ اس کے لئے تائی کی کامیابی دنیا کو اہم رہنمائی فراہم کرسکتی ہے۔
