امریکی ریاست کیلیفورنیا کی لاس اینجلس کاؤنٹی کے علاقے الٹاڈینا میں آتشزدگی سے تباہ ہونے والی گاڑیوں کاملبہ پڑاہے-(شِنہوا)
لاس اینجلس(شِنہوا)امریکی ریاست لاس اینجلس کے مقامی حکام کے مطابق جنگلات میں آتشزدگی کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہوگئی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق پلیسیڈز آگ سے 8 اور ایٹن آگ سے 16 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
لاس اینجلس کے علاقے میں سب سے بڑی پلیسیڈز آگ نے گزشتہ منگل سے اب تک 23ہزار700 ایکڑ (تقریباً 96 مربع کلومیٹر) کو جلا دیا ہے اور 5300 سے زیادہ عمارتوں کو تباہ کر دیا ہے۔ آگ پر صرف11 فیصد قابو پایا گیا ہے۔
ایٹن فائر نے الٹاڈینا اور پاساڈینا کے قریب 14ہزارایک سو ایکڑ (تقریباً 57.1 مربع کلومیٹر) سے زیادہ علاقے کو جلا دیا ہے، فی الحال 27 فیصد پر قابو پا لیا گیا ہے۔
اتوار تک 12ہزار300 سے زیادہ بنیادی شہری سہولتیں تباہ ہوئی ہیں اور 40ہزار ایکڑ (تقریباً 161.9 مربع کلومیٹر) پر محیط متعدد علاقوں سے ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
آگ بجھانے والے عملے کی جانب سے تباہ کن شعلوں پر قابو پانے کا سلسلہ جاری ہے تاہم بدھ کی شام تک ہوائیں تیز ہونے کا امکان ہے جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مزید مشکلات کاسامنا ہوسکتا ہے۔
لاس اینجلس کاؤنٹی کے فائر چیف انتھونی مارون نے کہا کہ کم نمی اور انتہائی خشک پودوں کے ساتھ چلنے والی یہ ہوائیں لاس اینجلس کاؤنٹی میں آگ کے خطرے کو برقرار رکھیں گی۔
