ایران، ایرانی صدر مسعود پز شکیان تہران میں پارلیمنٹ سے افتتاحی صدارتی خطاب کرنے کے بعد واپس جا رہے ہیں۔(شِنہوا)
تہران(شِنہوا) ایران اور روس نے اپنے ادائیگیوں کے نظام کو ایک دوسرے سے منسلک کردیا ہے جو دو طرفہ لین دین میں امریکی ڈالراستعمال کئے بغیر ادائیگی کا ایک اہم اقدام ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے بتایا کہ روس کے میراور ایران کے شیتاب ادائیگی نظام کو باہم منسلک کرنے کے لئے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ایران کے مرکزی بینک (سی بی آئی) کے گورنر محمد رضا فرزین اور ماسکو میں ایرانی سفیر کاظم جلالی نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق تقریب میں اس منصوبے کا اعلان کیا گیا جس کے تحت ایرانی شہری روسی اے ٹی ایم سے روبلز میں رقم نکالنے کے لیے اپنے بینک کارڈز استعمال کر سکیں گے۔
دوسرے مرحلے میں روسی شہری ایران میں رقم نکال سکیں گے جبکہ آخری مرحلے میں ایرانی شہری اپنے بینک کارڈز کو پوائنٹ آف سیل ڈیوائس پر استعمال کرتے ہوئے روسی دکانوں پر خریداری کر سکیں گے۔
نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس نے تقریب میں فرزین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایران اور روس کے درمیان اقتصادی تعلقات میں سہولت اور ڈالر سے چھٹکارے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔
فرزین نے بتایا کہ 4 ایرانی بینکوں نے یہ نئی خدمت فراہم کی ہے اور ضروری اقدامات کے بعد توقع ہے کہ مزید بینک اس خدمت کا حصہ بن سکتے ہیں۔
