سنگاپور، چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ سنگاپور کے اپنے ہم منصب گان کم یونگ سے ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)
سنگاپور(شِنہوا)چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ نے سنگاپور کے نائب وزیراعظم گان کم یونگ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کا طریقہ کار اور حکمت عملی مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
چینی نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی دفتر کی قائمہ کمیٹی کے رکن ڈنگ شوئے شیانگ نے کہا کہ گزشتہ سال دوطرفہ تعاون کے مفید نتائج برآمد ہوئے۔ دونوں فریقوں کو باہمی تعاون کے طریقہ کار کے مختلف پلیٹ فارمز کا بہتر استعمال کرنا چاہئے اور دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا جاری رکھنا چاہئے۔
اس موقع پر سنگاپورکے نائب وزیراعظم گان کم یونگ نے کہا کہ سنگاپور دوطرفہ تعاون کے طریقہ کار کی تشکیل کو بہت اہمیت دیتا ہے اور چین کے ساتھ قریبی اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے، نظم ونسق کے بارے میں باہم سیکھنے کے عمل کو مضبوط بنانے، عوامی روابط بڑھانے، ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
دونوں عہدیداروں نے باہمی تعاون کے طریقہ کار کے 4 اجلاسوں کی مشترکہ صدارت کی، جن میں چین-سنگاپور مشترکہ کونسل برائے باہمی تعاون کا 20 واں اجلاس، چین-سنگاپور سوزو انڈسٹریل پارک جوائنٹ سٹیئرنگ کونسل (جے ایس سی) کا 25 واں اجلاس، چین-سنگاپور تھیانجن ایکو سٹی جے ایس سی کا 16 واں اجلاس اور تزویراتی روابط کے متعلق چین-سنگاپور (چھونگ چھنگ) اقدام کا 8 واں اجلاس شامل تھا۔
فریقین نے چین۔سنگاپور عملی تعاون کے سلسلے میں پیشرفت کا جامع جائزہ لیا اور چین۔سنگاپور سوژو صنعتی پارک، چین سنگاپور تھیانجن ایکو سٹی، تزویراتی روابط کے متعلق چین۔سنگاپور (چھونگ چھنگ) اقدام اور گوانگ ژو نالج سٹی کی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔
دونوں رہنماؤں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی)، معیشت، تجارت، پائیدار ترقی، جدیدیت، مالیات، صحت عامہ، عوامی سطح پر تبادلوں اور باہمی قومی سطح کے منصوبوں میں تعاون پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تعاون کے لئے نئے خیالات اور اقدامات پر غور کیا۔
