اتوار, اکتوبر 12, 2025
تازہ ترینچینی نوجوانوں میں جڑی بوٹیوں کے مشروبات کا نیا صحت مندانہ رجحان

چینی نوجوانوں میں جڑی بوٹیوں کے مشروبات کا نیا صحت مندانہ رجحان

چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کے شہر گوئی یانگ میں روایتی چینی طب کی گوئی ژو یونیورسٹی سے منسلک پہلے ہسپتال کی دکان سے ایک گاہک جڑی بوٹیوں کا مشروب خرید رہا ہے۔(شِنہوا)

گوئی یانگ(شِنہوا)جیسے جیسے صحت کے بارے میں شعور بڑھ رہا ہے، جڑی بوٹیوں پر مبنی مشروبات چینی نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں، جس سے روایتی چینی طب (ٹی سی ایم) کے بارے میں تصور ایک بیماری کے علاج سے بدل کر روزمرہ کی صحت مندی کا جدید اور دلکش حصہ بنتا جا رہا ہے۔

چین کے جنوب مغربی صوبہ گوئی ژو میں روایتی چینی طب کی گوئی ژو یونیورسٹی سے منسلک پہلے ہسپتال کی دکان میں تخلیقی مشروبات جیسے لونگان لیٹے اور ترشاوہ پھلوں کے چھلکوں سے خوشبودار کافی نمایاں نظر آتے ہیں۔ روایتی چینی طب کے ماہرین اور فارماسسٹوں کی ایک ٹیم نے یہ مشروبات تیار کئے ہیں جو جڑی بوٹیوں کی افادیت اور جدید ذائقوں کے درمیان ایک خوبصورت توازن پیدا کرتے ہیں۔

ترقیاتی ٹیم کی سربراہ یو جیا نے کہا کہ ہم نے جب بھی کوئی نیا مشروب متعارف کرایا، وہ بے حد مقبول ہوا۔ اس ہسپتال نے 2022 میں روایتی چینی ادویات سے تیار کردہ مصنوعات پر کام شروع کیا اور اکتوبر 2024 میں ایک خصوصی دکان قائم کی۔یو نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اصل مقصد مریضوں کے لئے طبی غذا فراہم کرنا تھا لیکن یہ جڑی بوٹیوں والے مشروبات غیر متوقع طور پر نوجوان گاہکوں میں بے حد مقبول ہو گئے۔

یو نے اس سال مئی میں 21 ویں چین (شین زین) بین الاقوامی ثقافتی صنعتی میلے میں ترشاوہ پھلوں کے چھلکوں والی کافی پیش کی۔ پانچ روزہ اس ایونٹ کے دوران تقریباً 6 ہزار کپ فروخت یا نمونے کے طور پر پیش کئے گئے، اس سے نہ صرف روزانہ کی فروخت میں زبردست اضافہ ہوا بلکہ تعاون کی متعدد پیشکشیں بھی حاصل ہوئیں۔

ہسپتال کی دکان اس وقت ٹی سی ایم سے متاثر 20 سے زائد سے مصنوعات پیش کر رہی ہے، جن کے گاہکوں میں 70 فیصد نوجوان شامل ہیں۔ اس کی یومیہ فروخت 10 ہزار یوآن (تقریباً ایک ہزار 407 امریکی ڈالر) سے تجاوز کر چکی ہے۔

دوسری جانب روایتی چینی طب کی گوئی ژو یونیورسٹی سے منسلک دوسرے ہسپتال نے اپنا نیا چینی مشروب برانڈ چھا بُو بُو متعارف کرایا ہے، جو خوراک اور ادویات دونوں کے طور پر تسلیم شدہ اجزاء استعمال کرتے ہوئے 20 سے زائد مصنوعات تیار کر رہا ہے۔

مارکیٹ کی تحقیق کی کمپنی  آئی آئی میڈیا ریسرچ کے اعداد و شمار کے مطابق چین میں جڑی بوٹیوں پر مبنی چائے کے مشروبات کی مارکیٹ کا حجم 2025 میں 64.27 ارب یوآن تک پہنچ گیا اور توقع ہے کہ 2028 تک یہ حجم 100 ارب یوآن سے تجاوز کر جائے گا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!