اداکارہ و میزبان فضا علی نے ڈیٹنگ ریئلٹی شو لازوال عشق پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے شوز کے ذریعے نوجوان نسل کی ذہن سازی کی جارہی ہے کہ ڈیٹنگ اور فحاشی کو معمول سمجھا جائے، اس کے ذریعے نئی نسل کو ڈیٹنگ کرنے کی تعلیم دی جارہی ہے، لڑکیوں کو چھوٹے کپڑوں سے عام کیا جارہا ہے اور نوجوانوں میں فحاشی کو فروغ دیا جارہا ہے۔
ایک پرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے کہا کہ کوئی بھی شریف گھرانے کے والدین اپنی بیٹیوں کو ایسے لباس پہننے یا لڑکوں کے ساتھ ڈیٹنگ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں لوگ عزت کے بجائے شہرت کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایسے شوز مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔
میزبان نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ کئی لوگ اس شو کو برا سمجھتے ہیں لیکن اس کے باوجود تجسس میں آکر دیکھ رہے ہیں۔
واضح رہے ترکی میں فلمایا گیا لازوال عشق پاکستان کا پہلا ڈیٹنگ ریئلٹی شو ہے، جس میں چار مرد اور چار خواتین ایک ہی بنگلے میں رہ رہے ہیں اور پروگرام کے دوران وہ اپنی پسند کے لائف پارٹنر کا انتخاب کریں گے۔
