بیجنگ: کینیڈا نے مزید چینی مصنوعات پر ممکنہ سپر ٹیکس کے حوالے سے مشاورتی عمل شروع کیا ہے جس کی چین نے سخت مخالفت کرتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ چین نے کینیڈا کے چینی بیٹریوں ، پرزوں، سیمی کنڈکٹرز، شمسی مصنوعات اور اہم معدنیات پر ممکنہ سپر ٹیکس کے لیے 30 روزہ مشاورت شروع کرنے کے حالیہ اعلان کا نوٹس لیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کینیڈا کا یہ اقدام چین کی الیکٹرک گاڑیوں اور دیگر مصنوعات پر پابندیاں عائد کرنے کے صرف نصف ماہ بعد سامنے آیا ہے جو خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس اقدام سے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات بری طرح متاثر ہوں گے۔ عالمی معاشی نظام اور تجارتی قوانین کو شدید نقصان پہنچے گا اور عالمی صنعتی و رسد چینزعدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ کینیڈا حقائق کا احترام اور عالمی تجارتی تنظیم کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے غلط راہ پر چلنے سے گریز کرے۔ بصورت دیگر چینی کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے چین تمام ضروری اقدامات کرےگا۔
کینیڈا نے اگست کے اختتام پر اعلان کیا تھا کہ وہ یکم اکتوبر 2024 سے تمام چینی ساختہ الیکٹرک گاڑیوں پر 100 فیصد سپر ٹیکس نافذ کرے گا اور 15 اکتوبر 2024 سے چین سے درآمدہ شدہ اسٹیل اور ایلومینیم مصنوعات پر 25 فیصد سپرٹیکس وصول کرے گا۔
