اسلام آباد: اے این ایف نے 10 ملک گیر کارروائیوں میں 8 کروڑ مالیت کی 16من سے زائد منشیات برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے ملک گیر 10 کارروائیوں میں 8 کروڑ روپے مالیت کی 643 کلو منشیات برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کرلئے۔
ترجمان کے مطابق تعلیمی اداروں و گرد و نواح میں منشیات سمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران چکلالہ سکیم تھری راولپنڈی میں واقع تعلیمی ادارے کے قریب ملزم سے 2.4 کلو گرام چرس، پشاور میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 170 گرام چرس، فیصل آباد میں سکول کے قریب واقع کچی آبادی میں منشیات فروش سے 97 گرام چرس،سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں کالج اور یونیورسٹی کے قریب 2 ملزمان سے 200 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئی ہیں، گرفتار ملزمان نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق دیگر کارروائیوں میں موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ملزم کو گرفتار کرکے گاڑی سے 24 کلوافیون،2.4 کلو چرس،روات روڈ راولپنڈی پر موٹر سائیکل سوار ملزم سے 2.4 کلو چرس،سمندری انٹرچینج فیصل آباد کے قریب گاڑی سے دو ملزمان کو گرفتار کرکے 244.8 کلو افیون اور 357.6 کلو چرس،شاہراہ فیصل کراچی پر واقع کوریئر آفس میں مالدیپ بھیجے جانے والے پارسل سے 66 گرام ہیروئن، حیدرآباد میں قاسم چوک کے قریب ملزم سے 8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
