صدر مملکت نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختصر مدتی مالی فوائد کی بجائے بچوں کی تعلیم کو ترجیح دی جائے، چائلڈ لیبر قوانین پر سختی سے عمل یقینی بنایا جائے، کام کی جگہیں بچوں کے استحصال سے مکمل طور پر پاک ہوں، عالمی برادری غزہ کے بچوں کو فوری امداد، تحفظ اور انصاف فراہم کرے۔چائلڈ لیبر کیخلاف عالمی دن پر جاری بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ یہ دن بچوں کو مشقت اور استحصال سے بچانے کی اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں سے مشقت لینا عالمی چیلنج ہے جس کا حل صرف قومی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر مربوط اقدامات سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بچوں کے استحصال کے خاتمے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے اور اس حوالے سے متعدد عملی اقدامات کیے گئے ہیں،حکومت نے چائلڈ لیبر اور بچوں کے استحصال کی روک تھام کیلئے قوانین منظور کیے، متاثرہ بچوں کی بحالی اور دیکھ بھال کے لئے موثر نظام اور سروس یونٹس قائم کئے، جبکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قومی سطح پر ادارے بھی وجود میں لائے گئے ہیں۔ انہوں نے آجر حضرات پر زور دیا کہ وہ چائلڈ لیبر قوانین پر سختی سے عمل کریں اور یہ یقینی بنایا جائے کہ کام کی جگہیں بچوں کے استحصال سے مکمل طور پر پاک ہوں۔
صدر زرداری نے میڈیا کو چائلڈ لیبر سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر قرار دیتے ہوئے مخیر حضرات اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ کمزور اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کیلئے آگے آئیں تاکہ کوئی بچہ غربت کے باعث مزدوری پر مجبور نہ ہو۔صدر نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ مختصر مدتی مالی فوائد کے بجائے بچوں کی تعلیم کو ترجیح دیں، اور تعلیمی اداروں اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایسے بچوں کی بروقت شناخت کریں جو سکول چھوڑنے کے خطرے سے دوچار ہوں۔
صدر مملکت نے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں تاکہ ہر بچے کو ایک محفوظ، تعلیم یافتہ اور روشن مستقبل مل سکے۔صدر مملکت نے کہا کہ غزہ جیسے جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی حالتِ زار فوری توجہ کی متقاضی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں بچے قابض افواج کے تشدد، بمباری اور جارحیت کے باعث بے گھر، زخمی یا یتیم ہو چکے ہیں اور اب انہیں بھوک، بیماری اور چائلڈ لیبر کے شدید خطرات کا سامنا ہے۔ صدر زرداری نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے بچوں کو فوری امداد، تحفظ اور انصاف فراہم کرے۔
