جمعرات, فروری 12, 2026
پاکستانمریم نواز کا آٹسٹک بچوں کے علاج و تعلیم کی سہولیات پنجاب...

مریم نواز کا آٹسٹک بچوں کے علاج و تعلیم کی سہولیات پنجاب کے ہر ضلع تک پہنچانے کا اعلان

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے آٹسٹک بچوں کے علاج و تعلیم کی سہولیات پنجاب کے ہر ضلع تک لے پہنچانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری آٹزم سنٹر صرف ایک ادارہ نہیں، سماجی انقلاب ہے، 20ہزار سے زائد سپیشل بچوں کو علاج و سرجری کے ذریعے نارمل زندگی کی طرف لایا گیا ہے، امیر اور غریب کے حقوق برابر، محروم افراد سے بے خبر ریاست نااہل ہے، ریاست مشکل وقت میں آٹسٹک بچوں کے والدین کیساتھ کھڑی ہے۔

جمعرات کو پہلے سرکاری مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سنٹر فار آٹزم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایک سال قبل یہاں خالی زمین تھی اور آج اللہ کے فضل و کرم سے پہلا سرکاری آٹزم سکول قائم ہوچکا ہے جسے دیکھ کر دل خوشی سے سرشار ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق اس سنٹر میں ایک ہی چھت تلے آٹسٹک بچوں کے علاج، تعلیم اور بحالی کی تمام سہولتیں موجود ہیں، شائد دنیا بھر میں بھی ایسی جامع سہولت کم ہی میسر ہو۔

انہوں نے معاون خصوصی ثانیہ عاشق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ثانیہ عاشق نے منصوبے کو ذاتی دلچسپی سے لیڈ کیا، آٹسٹک بچوں نے انہیں اپنا سمجھ کر اپنایا۔

وزیراعلی نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 20ہزار سے زائد سپیشل بچوں کا علاج اور سرجری کرکے انہیں نارمل زندگی کی طرف لایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میری چھوٹی بہن اسماء کا بیٹا ابراہیم آٹسٹک ہے، ڈھائی سال کی عمر میں اس مرض کی تشخیص ہوئی، وسائل ہونے کے باوجود ہمیں بروقت علم نہ ہوسکا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عام والدین کو کن مشکلات کا سامنا ہوتا ہوگا، انہوں نے آٹسٹک بچوں کے والدین کے صبر اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بدقسمتی سے بعض آٹسٹک بچوں کو گھروں میں محدود رکھا جاتا ہے جبکہ غریب والدین علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے، ریاست کا فرض ہے کہ وہ ایسے والدین کا بوجھ بانٹے کیونکہ 90فیصد نادار طبقہ اپنے بچوں کا علاج خود نہیں کرا سکتا۔

وزیراعلی نے آٹسٹک بچوں کے والدین کو یقین دلایا ہے کہ ریاست مشکل وقت میں ان کیساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آٹزم سنٹر میں سائونڈ پروف سپیچ تھراپی، میوزک اور آرٹ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، اوپن ایئر جم، ٹیکسچرڈ فلور، سنسری ٹریننگ اور دیگر جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، یہاں مختلف لیول کے آٹزم کے مطابق نصاب بھی تشکیل دیا گیا ہے، خصوصی اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ، والدین کی ٹریننگ کا بھی اہتمام ہوگا تاکہ وہ گھر پر بھی درست انداز میں بچوں کی دیکھ بھال کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹسٹک بچوں کو اعتماد کے ساتھ زندگی گزارنا سکھایا جائے گا اور انہیں مختلف تھراپیز کے ذریعے حالات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔

وزیراعلی نے کہا کہ صوبے بھر میں سپیشل بچوں کیلئے 70خصوصی بسیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ریاست کی نظر میں امیر اور غریب کے حقوق برابر ہیں، محروم افراد سے بے خبر ریاست سے زیادہ نااہل کوئی نہیں ہوسکتا، میرا کام صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانا نہیں بلکہ لوگوں کے مسائل حل کرنا بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!