سپرلیگ کے 11ویں ایڈیشن کیلئے گزشتہ روز لاہور ایکسپوسنٹر میں نیلامی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ہر ٹیم نے اپنا 16سے 20رکنی سکواڈ تشکیل دینے کیلئے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی بولی لگائی۔
لاہور میں ہونیوالی پلیئرز آکشن میں 800سے زائد ملکی و غیر ملکی کھلاڑی رجسٹرڈ تھے۔
پلیئر آکشن میں سب سے مہنگے کھلاڑی پاکستان کے نسیم شاہ تھے انکو 8کروڑ 65 لاکھ روپے میں ٹیم راولپنڈی نے خریدا جبکہ پاکستانی آل رانڈر فہیم اشرف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8کروڑ 50لاکھ روپے میں حاصل کرلیا۔
اسی طرح غیر ملکی کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کے جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز ڈیرل مچل کو 8کروڑ 5 لاکھ روپے میں ٹیم راولپنڈی نے خریدا۔
سب سے سستے کھلاڑیوں کی ایک طویل فہرست ہے جن میں ٹیم سیالکوٹ سٹالینز نے محمد اویس ظفر، لیکلان شا، ڈیلانو پوٹگیئٹر اور جہانزیب سلطان جبکہ پشاور زلمی نے مرزا طاہر بیگ، محمد ناہید رانا اور خالد عثمان کو 60،60 لاکھ روپے میں خریدا، اسی طرح کراچی کنگز نے رضوان اللہ اور عاقب الیاس، لاہور قلندرز نے طیب طاہر، آصف علی، پرویز حسین ایمان اور محمد فاروق، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سیمیول ہارپر، ثاقب خان اور بیون جیکبز جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ثمین گل اور دپیندر سنگھ ایری کو 60،60 لاکھ میں خریدا۔
سعد علی، محمد طیب عارف، رضوان محمود، آصف محمود، حنین شاہ، شرجیل خان، حماد اعظم کو حیدرآباد کنگزمین جبکہ شاہزیب خان، فواد علی، ڈائن فاریسٹر اور محمد عامر خان کو ٹیم راولپنڈی نے 60،60 لاکھ روپے میں خرید لیا۔
پلیئر آکشن کے دوران 60 لاکھ روپے میں خریدے جانیوالے سب سے زیادہ سات کھلاڑی ٹیم حیدرآباد کنگزمین میں شامل ہیں جبکہ سب سے کم کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز میں صرف 2، 2شامل ہیں۔




