بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے بنیادی تحقیق کے تزویراتی، پیشگی اور منظم منصوبہ بندی کو مضبوط کرنے اور سائنسدانوں اور محققین کی مدد کرنے پر زور دیا تاکہ وہ مزید اصل اور نئی اختراعات پیش کر سکیں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور سنٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے یہ بات حالیہ ہدایات میں کہی جو چین کے نیشنل نیچرل سائنس فاؤنڈیشن (این ایس ایف سی) سے متعلق کام کے بارے میں دی گئی تھیں۔
گزشتہ چار دہائیوں میں بنیادی تحقیق کو فروغ دینے اور موجدین کی حوصلہ افزائی میں این ایس ایف سی کے مثبت کردار کا ذکر کرتے ہوئے صدر شی نے فاؤنڈیشن سے کہا کہ وہ سائنسی اور تکنیکی انقلاب کے نئے دور اور صنعتی تبدیلی کے مواقع کو بروئے کار لائے اور سائنسی فنڈنگ کے نظام کی اصلاح کو مزید بہتر بنائے تاکہ فنڈنگ کے لائحہ عمل کو بہتر بنایا جا سکے اور فنڈنگ کی کارکردگی میں اضافہ ہو۔
انہوں نے این ایس ایف سی سے کہا کہ وہ ایک مضبوط تحقیقی ماحول قائم کرنے اور بین الاقوامی تعاون بڑھانے میں مدد کرے تاکہ سائنسدان اور محققین زیادہ اصل اختراعات پیش کرسکیں اور سائنس و ٹیکنالوجی میں خود انحصاری اور قوت کے حصول میں مزید حصہ ڈال سکیں۔
این ایس ایف سی فروری 1986 میں قائم کی گئی تھی اور یہ بنیادی تحقیق کے قومی فنڈنگ کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔




