روم (شِنہوا) اٹلی چین کونسل فاؤنڈیشن ( آئی سی سی ایف) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ بیرون ملک کاروبار کو وسعت دینے کی خواہاں اطالوی کمپنیاں چین میں بڑھتے مواقع سے استفادہ کر سکتی ہیں۔
اس رپورٹ کی 16 ویں ایڈیشن میلان میں پیش کی گئی جو چین کی معاشی توسیع اور شہری و دیہی علاقوں کے درمیان فی کس قابل تصرف آمدنی کے فرق میں کمی کو نمایاں کرتی ہے جس کے باعث لوگوں کی قوت خرید میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
آئی سی سی ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر فیڈریکو پاسینی نے کہا کہ اٹلی کے خدمات کے شعبے کا مجموعی قومی پیداوار میں حصہ 70 فیصد سے زائد ہے اور اٹلی ان ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے بہتر پوزیشن میں ہے۔
فیڈریکو پاسینی نے مزید کہا کہ 2025 میں چین کو اطالوی برقی مشینری اور آلات کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہوا جو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ میں مصنوعی ذہانت، کمپیوٹنگ، سافٹ ویئر اور صحت کے شعبے سمیت دیگر شعبوں میں چین کی پیشرفت کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
آئی سی سی ایف کے ماہرین کے مطابق اٹلی کی بہت سی چھوٹی اور درمیانی درجے کی کمپنیاں، جو اکثر جامعات اور تحقیقی ہسپتالوں سے وجود میں آتی ہیں، جدید ٹیکنالوجی اور خود کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جس کی وجہ سے چینی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ تحقیق اور تعاون کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔




