واشنگٹن(شِنہوا)امریکی کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن(سی بی پی) کے وفاقی رجسٹر میں شائع ہونے والی تجویز کے مطابق امریکی حکومت ویزا فری پروگرام میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں سے ان کے سوشل میڈیا کا گزشتہ پانچ سال کا ریکارڈ جمع کرانے کا تقاضا کرے گی۔
یہ نیا تقاضا، جو جنوری میں جاری کئے جانے والے انتظامی حکم نامے کا حصہ ہے، مسافروں کو پابند کرتاہے کہ وہ الیکٹرانک سسٹم فار ٹریول آتھرائزیشن (ای ایس ٹی اے) درخواست میں اپنی گزشتہ پانچ سال کی سوشل میڈیا کی تفصیلات فراہم کریں گے۔ ای ایس ٹی اے ویزا فری پروگرام کے تحت 90 دن تک امریکہ آنے والے مسافروں کی اہلیت جاننے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
اس تجویز میں درخواست گزاروں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب بھی ممکن ہو وہ اضافی معلومات بھی فراہم کریں، جن میں فون نمبرز، ای میل ایڈریسز، آئی پی ایڈریسز، خاندان کے نام اور انگلیوں کے نشانات اور چہرے کی شناخت جیسی بائیو میٹرک معلومات شامل ہیں۔
یہ ضابطہ ویزا فری پروگرام میں شامل متعدد ممالک کو متاثر کرے گا جن میں زیادہ تر یورپی ممالک شامل ہیں۔ اس میں آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔اس تجویز پر 60 دن عوامی رائے طلب کی گئی ہے۔



