بیجنگ(شِنہوا)چین کی ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن (اے وی آئی سی) نے کہا ہے کہ "جیوتیان” نامی بغیر پائلٹ کے ایک بڑے ڈرون (یو اے وی) نے جمعرات کو اپنی پہلی پرواز کی۔
ملکی طور پر عام مقاصد کے لئے تیار کردہ ڈرون جس کی لمبائی 16.35 میٹر اور اس کے پَروں کی چوڑائی 25 میٹر ہے، چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے علاقے پوچھینگ میں فضا میں بلند ہوا ۔
اے وی آئی سی کے مطابق اس طیارے کا زیادہ سے زیادہ وزن 16 ٹن ہے اور یہ 6 ہزار کلوگرام وزن لے جا سکتا ہے۔ یہ 12 گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے اور 7ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتا ہے۔
یہ ڈرون زیادہ سامان اٹھانے کی صلاحیت، بلند پرواز کی گنجائش، مختلف رفتار پر کام کرنے کی صلاحیت اور چھوٹے رن وے سے اڑان بھرنے اور اترنے کی خصوصیات کا حامل ہے ، یو اے وی مختلف شہری کاموں کے لئے بنایا گیا ہے۔
اس کا مختلف مقاصد کے لئے وزن اٹھانے والا نظام اسے مختلف امور نمٹانے کے قابل بناتا ہے جس میں دور دراز علاقوں میں بھاری سامان پہنچانا، ہنگامی طور پر رابطہ قائم کرنا ،آفات میں مدد فراہم کرنا اور جغرافیائی سروے یا وسائل کا نقشہ تیار کرنا شامل ہے۔



