کوالالمپور(شِنہوا)آسیان۔چین عوامی روابط کے سال 2024-2025 کی اختتامی تقریب ملائیشیا کے شہر ملاکا میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی میزبانی چین کی پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈشپ ود فارن کنٹریز اور ملائیشیا۔چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر کی۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے اس موقع پر مبارکبادی خط بھیجا۔ چینی وفد کی قیادت چین کی پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈشپ ود فارن کنٹریز کے صدر یانگ وان منگ نے کی اور تقریب سے خطاب کیا۔
ملائیشیا میں چینی سفارت خانے، چین کی مختلف وزارتوں، چین کے 11 صوبائی علاقوں، آسیان۔چین مرکز، آسیان سیکرٹریٹ اور آسیان ممالک کی بعض دوستی تنظیموں سمیت تقریباً 300 نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ملاکا کی جونکر سٹریٹ پر روایتی ڈھول کی تھاپ اور شیر رقص کے ساتھ ہوا، جہاں مہمانوں نے تاریخی علاقے کا دورہ کیا اور ملائیشیا اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو یاد کیا۔ بعد ازاں مہمانوں نے مل کر چین۔آسیان دوستی کا پودا بھی لگایا۔
اختتامی تقریب کے دوران بہترین دس منصوبوں اور بہترین طریقے سے منظم کئے گئے پروگراموں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر چین۔آسیان عوامی روابط کے حوالے سے ایک گول میز اجلاس بھی منعقد ہوا۔
گزشتہ دو برسوں کے دوران چین اور آسیان نے مشترکہ طور پر اعلیٰ سطح کے موثر اور وسیع پیمانے پر سراہے جانے والے عوامی روابط کے تقریباً 200 پروگرام منعقد کئے ہیں۔



